اللہ تعالیٰ نے ساری کائنات اور کائنات کی تمام مخلوقات انسان کے فائدہ کے لئے پیدا کی ہیں، جبکہ انسان کو صرف اور صرف ایک مقصد کے لئے پیدا کیا ہے کہ وہ اس تمام کائنات کی مدد سے اللہ کی معرفت حاصل کرے، اللہ کی عبادت کرے اور اللہ کے احکام کے مطابق اس کی مخلوق تک اس کا اور اس کے رسول ﷺ کا پیغام پہنچاتے ہوئے ایک بہترین معاشرہ تشکیل دینے میں اپنی زندگی اور صلاحیتیں لگائے۔ اس طرح نہ صرف اپنی دنیا اور آخرت کو بہتر بنائے بلکہ حتی الوسع اپنے آس پاس کے لوگوں کے لئے بھی دینی اور دنیاوی خیر کا باعث بنے۔ کیونکہ حضور ﷺ کا فرمان ہے کہ لوگوں کے لئے بہتر وہی ہے جس سے لوگوں کو فائدہ پہنچے۔ اس فائدہ سے مراد اولاً دینی ، ایمانی اور اخروی فائدہ ہے جبکہ ثانیاً دنیاوی فائدہ ہے۔